خبریں

تاجروں کیلئے چیمبر ہاؤس میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کرنے کا اعلان

02 June 2021

پشاور 2 جون 2021ء
سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں تاجروں کیلئے چیمبر ہاؤس میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کرنے کااعلان کیا ہے۔ یہ اعلان سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے تاجروں کو کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی سربراہی میں اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں شرکت کے بعد کیاجس میں اسلام آباد اور راولپنڈی چیمبرز کے صدور سمیت چین سٹور ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق محبوب ڈائریکٹرز جنرل ہیلتھ ٗ ایڈیشنل سیکرٹری تجارت نے بھی شرکت کی۔سرحد چیمبر کے صدر نے کہا کہ چیمبر صوبائی محکمہ صحت اور ہیلتھ اتھارٹیز کے تعاون سے چیمبر کی بلڈنگ میں تاجروں کے لئے ویکسی نیشن سنٹر قائم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری حکومت اور مقامی انتظامیہ ہر سطح پر تعاون کرنے کے لئے تیار ہے تاہم انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن سے متاثرہ معیشت اور کاروبارکی بہتری و ترقی کے لئے پابندیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا لاک ڈاؤن کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ کورونا وائرس پابندیوں کی وجہ سے تاجر برادری کافی مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے لیکن کاروبار کو پورا ہفتہ کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے جس سے نہ صرف بازاروں میں کم رش کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلانے کے خدشات کم ہوں گے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر نہیں ہوں گی۔ اجلاس کے دروان چیمبرز سربراہان کی مشاورت کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے کورونا لاک ڈلاؤن کو ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے تاہم چیمبرز کے صدور کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ تاجروں کی ویکسی نیشن لازمی قرار دیں اور چیمبرز کی سطح پر ویکسی نیشن سنٹرز قائم کریں جوویکسی نیشن نہ کرنے کی صورت میں تاجروں پر پابندیاں برقرار رکھی جائے گی۔ وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت کو کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی کاروباری صورتحال کا مکمل ادراک ہے لیکن کورونا کی تیسری لہر کی شدت کے باعث پابندیاں اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کروانا بھی لازمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سخت پابندیوں بالخصوص مربوط ویکسی نیشن کے باعث کورونا وائرس کے کیسز میں کمی واقع ہو رہی ہے تاہم ویکسی نیشن کو جاری رکھ کر اس موذی مرض پر قابو پانے کے لئے حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کورونا وائرس سے متاثرہ بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لئے آئندہ بجٹ کے ذریعے اقدامات کرے گی۔ 

NEWS