سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان ٗ سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان اور نائب صدر شہریار خان سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرام چیمبر ہاؤس میں ملاقات کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران ڈپٹی کمشنر پشاور نے سرحد چیمبر کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان نے کہا ہے کہ کاروبار و صنعتوں کے فروغ کے لئے گیس و بجلی کی بلا تعطل فراہمی کویقینی بنایا جائے۔ حکومت کاروبار دوست پالیسیوں کو اپناتے ہوئے بزنس کمیونٹی کو ریلیف کے لئے اقدامات اٹھائے۔ خیبر پختونخوا فرنٹ لائن صوبہ ہے جہاں پر کاروبار اور صنعتیں چلانا کسی جہاد سے کم نہیں ہے۔ نجی سیکٹر کا ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ہے لہٰذا ان کی مشکلات کا ازالہ کرنا بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرام کے دورہ سرحد چیمبر کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرام نے سرحد چیمبر کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان ٗ نائب صدر شہریار خان ٗ امتیاز ٗ صدر گل ٗ فیض رسول ٗ فضل واحد اور اشتیاق محمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کل قدرتی گیس کی پیداوار 500 ایم ایم سی ایف ڈی ہے بالخصوص یہ صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ گیس پیدا کررہا ہے لیکن یہاں کی کاروبار و صنعتوں بالخصوص سی این جی اسٹیشن کو گیس کو مکمل پریشر کے ساتھ فراہم نہیں کی جا رہی ہے جس سے بزنس کمیونٹی کوکافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سرحد چیمبر کے صدر نے شہر بھر میں غیر قانونی طور پر ڈبہ اسٹیشن میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے اس کے خلاف موثر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ ملاقات کے دوران ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرام نے سرحد چیمبر کے صدر کی جانب سے پیش کردہ کاروبار و تجارت سے جڑے مسائل اور مشکلات کو دور کرنے کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اُن کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ وہ ایک کاروباری گھرانے سے تعلق رکھنے کی وجہ سے بزنس کمیونٹی کی تمام مشکلات سے بخوبی واقف ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ حکومت کاروبار و تجارت کی بہتری و ترقی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ سرحد چیمبر و بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے پالیسیوں کا نفاذ کیا جائے گا اور کاروبار و تجارت کی راہ میں تمام درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرام نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرحد چیمبر اور مقامی انتظامیہ مل کر لوگوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے خصوصی سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرے جس سے چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے مکمل اتفاق کیا اور اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سرحد چیمبر کے صدرفضل مقیم خان نے سرحد چیمبر اور ڈپٹی کمشنر آفس کے درمیان مربوط اور روابط لیزان کے قیام پر زور دیا گیا تاکہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو بروقت اجاگر کرکے حل کروایا جاسکے۔