سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان نے خیبر پختونخوا بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور ایکسپورٹ کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی پرزور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع پیمانے پر مواقع موجود ہیں تاہم حکومتی پالیسیوں اور 2فیصد سیس کے نفاذ کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا سے کاروبار ٗ تجارت اور ایکسپورٹ کا عمل مکمل رُ ک گیا ہے۔ صوبائی حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرکے ایکسپورٹ پر سیس کو فوری ختم کرے اور صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی سرمایہ کاروں اور جیمز سٹون کے کاروبار سے وابستہ کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرزکے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں ایکسپورٹرز جمیل ٗ کامران ٗچینی سرمایہ کار چاؤ جیون کن ٗ مسٹر ما ٗ مسٹر چاؤ ٗ عاطف خواجہ اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر سابق صدر ایف پی سی سی آئی غضنفر بلور ٗ سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان ٗ نائب صدرشہریار خان ٗ انجمن تاجران کے تاحیات صدر حاجی محمد افضل ٗ سابق صدر سرحد چیمبر فیض محمد فیضی ٗ حسنین شیراز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفد نے اجلاس کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے صوبے سے برآمدات میں 2فیصد سیس کے نفاذٗ سیکورٹی کے انتظامات محکمہ کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کے حوالے سے مختلف مسائل ٗ برآمدات میں رکاوٹوں اور متعدد تحفظات سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت سے برآمدات پر 2فیصد سیس کا نفاذ کیا جس کی وجہ سے ایکسپورٹ دیگر صوبوں کو شفٹ ہوچکی ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت سے 2فیصد سیس کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور مذکورہ سیس کو 0.5فیصد تک لانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وفد سے سرمایہ کاروں کو سیکورٹی کی فراہمی کیلئے محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام سے موثر انداز میں بات چیت کرنے اور ایکسپورٹ کی راہ میں درپیش تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات پر زور دیا ہے۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایکسپورٹرز کے تمام مسائل کو حکومتی اداروں کے ساتھ موثر انداز میں اٹھا کر حل کئے جائیں۔ سرحد چیمبر کے صدر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے برآمدات پر سیس کو مکمل ختم کیا جانا چاہئے تاکہ برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیاجاسکے۔ سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے سرمایہ کاروں کی جانب سے اٹھائے جانیوالے مختلف مسائل و تحفظات کو فوری حل کرنے کی بھرپور یقین دہانی کرائی ہے۔