سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان نے کہا ہے کہ پاک ایران باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے دونوں ممالک درمیان کے تجارت وفود کے تبادلہ ٗ صنعتی نمائشوں کے انعقاد ٗ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی اشد ضرورت ہے جبکہ پشاور میں تعینات ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ہمسایہ دوست ممالک بالخصوص پاکستان کے ساتھ تجارتی ٗ ثقافتی اور مذہبی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور ایران پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت حجم بڑھانے اور تعاون کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پشاور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ نے سرحد چیمبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل نے سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان ٗ سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان اور نائب صدر شہریار خان اور کابینہ کے دیگر اراکین کو عہدوں کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران ایرانی قونصل جنرل پشاور کمرشل اتاشی حسین مالکی ٗ ایگزیکٹو ممبران آفتاب اقبال ٗ محمد اشفاق ٗ ندیم رؤف ٗ سیکرٹری جنرل مقتصد احسن ٗسیکرٹری سہیل انجم بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاک ایران دو طرفہ تجارت کے فروغ ٗ تجارتی وفود کے تبادلے ٗ مشترکہ صنعتی نمائشوں کے انعقاد سمیت تجارت کی راہ میں درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور پاک ایران باہمی تجارت کو فروغ کے لئے باہمی اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوا۔ سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم نے کہا کہ سرحد چیمبر پاک ایران باہمی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تجارت میں درپیش مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار و تجارت کو فروغ دیاجائے اور موجودہ تجارتی حجم میں بھی بہتری لائی جاسکے۔ ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ نے کہا کہ باہمی تجارت کا حجم بہت کم ہے جو کہ دونوں ممالک کے پوٹنشل کو بہترطریقہ استعمال کرکے بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ قونصل جنرل نے اس موقع پر ایران مشہد چیمبر اور سرحد چیمبر کے مابین باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر کے ساتھ ایرانی قونصلیٹ کے مضبوط روابط قائم ہے اور مستقبل میں باہمی اقدامات کے ذریعے انہیں مزید مستحکم کیا جائے گا۔ سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل کو یقین دلایا کہ پاک ایران باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے سرحد چیمبر اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔ بعد ازاں دونوں جانب سے مستقبل میں مشترکہ ملاقاتوں اور پروگرام کے انعقاد پر بھی اتفاق ہوا ہے۔