سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹ آف پاکستان (ICMAP)نے کاروباری طبقہ کی مختلف قوانین اور ریگولیشن کے حوالے سے رہنمائی اورشعور اجاگر کرنے کے حوالے سے مشترکہ آگاہی سیمینار وسیشن کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے ازالہ اورانہیں مراعات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس امر کا اعلان گذشتہ روز سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان اور آئی سی ایم پی اے کے صدر/ چیئرمین ضیاء اللہ مصطفی اعوان اور جائنٹ ڈائریکٹر اینڈ کیمپس انچارج پشاور عدیل زیب خان سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ اجلاس کے دروان سرحد چیمبر کے سیکرٹری جنرل مقتصد احسن بھی موجود تھے۔ دونوں اداروں کے مابین پہلے ہی ایک باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے اور اس معاہدے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے سرحد چیمبر اور آئی سی ایم اے پی نے کاروبارو تجارت کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مختلف نئے قوانین / ریگولیشن کے نفاذ کے حوالے سے رہنمائی اور آگاہی پیدا کرنے کے لئے مشترکہ سیشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوان دونوں جانب سے بزنس کمیونٹی کی پیشہ وارانہ ٗمہارت اور سکل ڈویلپمنٹ اور استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی ایم اے پی کی جانب سے حکومتی قوانین اور احکامات کے حوالے سے کاروباری طبقہ میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے مشترکہ سیمینار و سیشن کے انعقاد کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا اور کہا ہے کہ یہ اقدام بزنس کمیونٹی کی جانب سے پیدا ہونیوالے خدشات کو کم کرنے سمیت بہتر رہنمائی فراہم کرنے میں کافی مددگار ثابت ہوگا۔ سرحد چیمبر کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں قوانین اور پالیسیوں کو مرتب کرنے سے قبل سرحد چیمبر اوربزنس کمیونٹی کے نمائندوں کو اعتماد میں لیں تاکہ ان کے نفاذ میں کسی قسم کی رکاوٹ درپیش نہ ہو۔ سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے کہا کہ کاروباری طبقہ جو کہ معیشت کی ترقی وخوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے موجودہ صورتحال کسی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے ازالہ اور مراعات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔ اس موقع پر آئی سی ایم اے پی کے چیئرمین / صدر ضیاء اللہ مصطفی نے سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان کو ادارے کے حوالے سے جاری مختلف پروگرامز ٗ اقدامات بالخصوص چیمبر کے ساتھ ہونیوالے باہمی مفاہمت کی یادداشت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔